اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزارت داخلہ نے پاکستان کے مختلف ممالک کے ساتھ موجود ویزا استثنیٰ معاہدوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جن کے تحت مخصوص اقسام کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو متعلقہ ممالک کے درمیان ویزا کے بغیر سفر کی سہولت حاصل ہے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان کے ویزا استثنیٰ معاہدوں میں ارجنٹائن، آذربائیجان، بحرین، بنگلہ دیش، ترکیہ، مصر، انڈونیشیا، ایران، کویت، ملائیشیا، روس، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، تھائی لینڈ، قطر اور نیپال شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ سہولت بنیادی طور پر سفارتی، سرکاری اور خصوصی سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ہے، جبکہ ہر ملک کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق ویزا استثنیٰ اور قیام کی مدت مختلف ہوسکتی ہے۔ بعض معاہدوں کے تحت بغیر ویزا قیام کی مدت چند ہفتوں سے 3 ماہ تک مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ویزا استثنیٰ کا مقصد سرکاری وفود کے تبادلے، سفارتی روابط میں آسانی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزارت داخلہ نے ویزا استثنیٰ سے متعلق تازہ فہرست وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت متعلقہ اداروں کو فراہم کردی ہے، تاکہ ایئرپورٹس اور دیگر داخلی راستوں پر سفری دستاویزات کی جانچ کے دوران معاہدوں کے تحت حاصل سہولیات کو مدنظر رکھا جاسکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ معاہدوں کو عام پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری سفر نہیں سمجھا جائے گا۔ عام پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے بیرون ملک سفر کے دوران متعلقہ ملک کی ویزا پالیسی بدستور نافذ رہے گی اور انہیں مقررہ طریقہ کار کے مطابق ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
