پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران 517 افغان شہری گرفتار، اقوام متحدہ کی رپورٹ جاری

کابل (پاک ٹوڈے): اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اور عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 11 سے 17 اکتوبر 2026 کے دوران 517 افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 47 فیصد کم ہے۔

افغان خبر رساں ادارے پژواک کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران افغان شہریوں کی گرفتاریاں بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق درج شدہ گرفتاریوں اور حراست کے واقعات میں تقریباً 56 فیصد بلوچستان، 34 فیصد پنجاب اور 10 فیصد خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال یکم جنوری سے 17 اکتوبر تک پاکستان میں افغان شہریوں کی گرفتاریوں کے سب سے زیادہ 47 ہزار 998 واقعات بلوچستان میں ریکارڈ ہوئے، جبکہ خیبر پختونخوا میں 16 ہزار 607 اور سندھ میں 9 ہزار 384 واقعات سامنے آئے۔

دونوں اداروں کے مطابق 11 سے 17 اکتوبر کے دوران 3 ہزار 883 افغان شہری پاکستان سے افغانستان واپس گئے، جن میں 499 افراد کو جبری طور پر ملک بدر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 15 ستمبر 2023 سے 17 اکتوبر 2026 تک مجموعی طور پر 27 لاکھ 44 ہزار 68 افغان شہری پاکستان سے افغانستان واپس جا چکے ہیں۔

Related posts

پی ٹی آئی طالبان اور افغانستان کی حمایت کرنا چاہتی تھی، پرویز خٹک کا الزام

سعودی عرب میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی، عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان

خیبر میں بگیاڑی پوسٹ پر ڈرون حملہ، ایف سی کا ایک جوان زخمی