اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے کارڈیک سینٹر کا دورہ کیا، جہاں پرائیویٹ رومز اور الیکٹرو فیزیالوجی کیتھ لیب کی ابتر حالت دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر سلمان اور انتظامیہ کو واضح ہدایت کی کہ اسپتال کی دیکھ بھال میں غفلت برتنے والے اور کام نہ کرنے والے ملازمین کو فوری طور پر ملازمت سے فارغ کیا جائے۔
وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کاہل اور ناکارہ عملے کے خلاف فوری ایکشن لے اور بلا خوف و خطر نوکری سے نکالے۔ انتظامیہ کی جانب سے پاور سینٹرلائزڈ ہونے کی شکایت پر مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ وہ نیا ماڈل اور تجاویز تحریری طور پر پیش کریں تاکہ اختیارات کی منتقلی اور اسپتال کے نظام میں بہتری لائی جا سکے۔
