منڈی بہاؤالدین (پاک ٹوڈے): پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین میں قادیانیوں کی جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی رہنما کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ جماعت کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں واقعے کی تصدیق کی گئی ہے۔
قادیانی جماعت کے اعلامیے کے مطابق، قتل کا یہ واقعہ 2 ستمبر کو منڈی بہاؤالدین شہر کے علاقے عیدگاہ گیٹ کے سامنے پیش آیا، جہاں جماعت احمدیہ کے مقامی رہنما مرزا صفدر محمود کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایا۔
ہلاک والے رہنما کے بیٹے نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ان کے والد موٹر سائیکل پر شہر میں واقع قادیانیوں کے مرکز بیت الذکر جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی اور یہ قتل مذہبی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔