قندھار اور خوست میں پاکستانی جیٹ طیاروں کی بمباری، افغان حکومت کی تصدیق

قندھار (پاک ٹوڈے): افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی جیٹ طیاروں نے قندھار شہر میں فضائی حملہ کیا ہے، تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق قندھار شہر کے نویں ضلع سے متصل ایک ویران علاقے پر بمباری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

قندھار میں طالبان کے سیکیورٹی حکام نے مقامی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں اور صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

اس سے قبل قندھار کے شہریوں نے بتایا تھا کہ صبح تقریباً 4 بجے شدید دھماکوں کی آوازوں سے ان کی آنکھ کھلی، جبکہ علاقے میں جیٹ طیاروں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

دوسری جانب افغان حکومت کے مقامی عہدیدار مستغفر گربز نے دعویٰ کیا ہے کہ خوست کے گربز ضلع میں گلانو کیمپ سمیت مرکز کے قریب اور اسماعیل خیل و مندوزی اضلاع کے مختلف علاقوں میں رات تقریباً ساڑھے 3 بجے فضائی حملے کیے گئے۔

ان کے مطابق ان حملوں میں بھی کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

پاکستانی حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ حملوں اور نقصانات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

 

Related posts

پشاور میں شدت پسندوں کی بڑی کارروائی کی کوشش ناکام، ایک شدت پسند اور ایک پولیس کانسٹیبل مارے گئے

کسانوں کا کل کوئٹہ سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان

نادرا کی جانب سے شناختی کارڈز بلاک کرنا غیر قانونی قرار، فوری بحالی کا حکم، بلوچستان ہائیکورٹ