فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا، وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی (پاک ٹوڈے): چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی و عسکری تعاون کو فروغ دینے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں تعاون کو سراہا۔ انہوں نے دفاع اور سیکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اعلیٰ سطح کے باقاعدہ دوروں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و عالمی سیکیورٹی معاملات پر مسلسل مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

قبل ازیں کوالالمپور میں ملائیشیا کی وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان سمیت بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان بھی موجود تھے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سے بھی ملاقات کی، جس میں دفاعی شراکت داری میں توسیع، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان براہ راست روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت ہوئی۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا دورہ بھی کریں گے، جہاں خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔

Related posts

افغانستان 300 شعبوں میں خودکفالت حاصل کرچکا ہے، افغان حکومتی ترجمان

پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم کا نام دوبارہ ارباب نیاز رکھنے کا فیصلہ

شہباز شریف کے دورۂ روس اور ایران سے پاکستان کو علاقائی اقتصادی اور سفارتی تعلقات کے فروغ کا موقع