اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ہمارے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں، تاہم ان کے اپنے مسائل ہیں اور ان کا خط پوری عوام کے سامنے آ چکا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے عمران خان کے خط سے متعلق ریمارکس دیے۔
سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے اپیلوں کی کارروائی براہِ راست نشر کرنے کی درخواست بھی پیش کی گئی، تاہم چیف جسٹس نے اس درخواست پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ پیش ہوئے، جبکہ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹرز بھی عدالت میں موجود تھے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے اپیلوں پر دلائل کے لیے مزید تیاری کا وقت مانگا، جس پر عدالت نے سماعت سات روز کے لیے ملتوی کر دی۔
دوسری جانب عدالت نے بشریٰ بی بی کو جیل میں درپیش طبی مسائل اور سیکیورٹی خدشات سے متعلق درخواست کا بھی جائزہ لیا۔ ان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کو بینائی کا شدید مسئلہ درپیش ہے اور ان کی سرجری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کے کمرے سے سات چھوٹے سانپ برآمد ہوئے تھے، جنہیں جیل اہلکاروں نے مارنے کے بعد اس جگہ سیمنٹ لگا دیا۔
عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی کی صحت اور حفاظت کے لیے فوری اور مناسب اقدامات کیے جائیں، انہیں جیل قواعد کے مطابق تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے سیل کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی صحت کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے کے لیے خصوصی ڈاکٹر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔