عمران خان اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ پاکستان اور آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سہیل آفریدی

شِکارپور (پاک ٹوڈے): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ذات یا اقتدار کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کی آزادی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اندرون سندھ کی عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور 27 ستمبر فیصلہ کن سیاسی جدوجہد کا دن ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے آج شِکارپور، شہدادکوٹ، لاڑکانہ اور نوسہرہ فیروز میں اسٹریٹ موومنٹ ریلیوں کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ ان ریلیوں کا بھرپور استقبال اس بات کا ثبوت ہے کہ اندرون سندھ کے عوام عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو سندھ سمیت پورے پاکستان کے عوام اپنے سیاسی حقوق اور حقیقی آزادی کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان ناحق قید ہیں، ان کی اہلیہ جیل میں ہیں اور ان کی بہنوں سمیت کارکنوں کو انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ عمران خان کو توڑنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم نے عدلیہ کو مفلوج کر دیا ہے جبکہ عدالتی احکامات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک چند خاندانوں، سرداروں اور اشرافیہ کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کا ہے۔ خوف کی سیاست اب نہیں چلے گی۔ عوام دھمکیوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور 27 ستمبر کو اپنے حقوق کے لیے میدان میں اتریں گے۔

Related posts

15 صوبے بنانے کا حکومتی فیصلہ غلط، فاٹا انضمام بھی بدترین ثابت ہوا: مولانا فضل الرحمان

شاہد آفریدی کو سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے سفیرِ کھیل مقرر کر دیا گیا۔

ضلع کرم میں پولیس افسر کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا۔