دی ہیگ (پاک ٹوڈے): عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے میانمار میں روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف 2017 میں ہونے والے مظالم کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے میانمار کو بطور ریاست اس کا ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے۔
عدالت نے اپنے تاریخی فیصلے میں قرار دیا کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف قتلِ عام، جنسی تشدد، بچوں پر حملوں اور دیگر سنگین مظالم کا ارتکاب کیا۔ عدالت کے 15 رکنی بینچ نے 9 کے مقابلے میں 6 ووٹوں سے فیصلہ سنایا۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف نے کسی ریاست کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ یہ مقدمہ مغربی افریقی ملک گیمبیا نے 2019 میں میانمار کے خلاف دائر کیا تھا، جسے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی حمایت بھی حاصل تھی۔
فیصلے میں میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ ادا کرنے کا پابند قرار دیا گیا ہے، تاہم معاوضے کی رقم کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ عدالت نے روہنگیا پناہ گزینوں کی محفوظ اور باعزت وطن واپسی اور بچھڑے ہوئے خاندانوں کو دوبارہ ملانے کا بھی حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ 2017 میں میانمار کی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 7 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان اپنے گھر بار چھوڑ کر بنگلہ دیش نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔ میانمار نے نسل کشی کے الزامات کی تردید کی تھی۔
