شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 15 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

راولپنڈی (پاک ٹوڈے): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر شدت پسندوں کی جانب سے سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہونے کی ایک بڑی کوشش کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، افغان سرحد کی جانب سے شدت پسندوں کے ایک مسلح گروپ نے پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔
ترجمان پاک فوج کے بقول، تقریباً 36 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس شدید آپریشن اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہو گئے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج نے علاقے کو پاک کرنے کے لیے آپریشن کیا، جس کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں پاکستان کے اس موقف کو ایک بار پھر دہرایا ہے کہ افغان طالبان حکومت کو سرحد کی مؤثر نگرانی اور بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔

واضح رہے کہ افغان حکومت کا موقف ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیتے، اور نہ ہی افغان سرزمین پر ایسے عناصر موجود ہے جو پاکستان یا کسی دوسرے ہمسایہ ملک میں تخریب کاری کرتے ہو، افغان حکومت، پاکستان میں جاری شورش کو داخلی مسئلہ قرار دیتی ہے۔

Related posts

ضلع خیبر کی وادیٔ باڑہ میں رہائشی مکان پر مارٹر گولہ گرنے سے شہری شدید زخمی: پشاور منتقل

15 صوبے بنانے کا حکومتی فیصلہ غلط، فاٹا انضمام بھی بدترین ثابت ہوا: مولانا فضل الرحمان

شاہد آفریدی کو سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے سفیرِ کھیل مقرر کر دیا گیا۔