پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی دھمکیاں دینے سے پہلے اسے بلوچستان میں نافذ کیا جائے، جہاں ان کے بقول حکومت کی 80 فیصد رٹ ختم ہوچکی ہے۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ ہمیں گورنر راج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، پہلے بلوچستان میں گورنر راج لگایا جائے جہاں حکومت کی 80 فیصد رٹ ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے اپنے حلقے میں روزانہ کی بنیاد پر پیش آنے والے سیکیورٹی واقعات کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وفاقی وزیر داخلہ کبھی ان علاقوں میں گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس لائنز دھماکے کی انکوائری بھی تاحال منظرعام پر نہیں آئی۔ ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ معیشت خراب اور مہنگائی عروج پر ہے۔ انہوں نے فارم 47 سے بننے والی حکومتوں پر آئین کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وہ محاذ آرائی نہیں چاہتیں اور فوج و پولیس ان کی اپنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی جدوجہد کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، تاہم پی ٹی آئی 4 اکتوبر کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور جنید اکبر کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوگی۔ شاندانہ گلزار نے کہا کہ ان کی جماعت اپنی سیاسی جدوجہد آئین کے دائرے میں جاری رکھے گی۔