اسلام آباد (پاک ٹوڈے): نیشنل سائبر کرائم اینڈ انوسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سینئر صحافی اور تجزیہ کار بلال غوری کو سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر مبینہ طور پر جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بلال غوری کے خلاف مقدمہ رات 12 بج کر 10 منٹ پر درج کیا گیا، جس کے بعد این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔ ایجنسی کی جانب سے معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق بلال غوری نے 5 ستمبر کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ اور تقریباً 16 منٹ پر مشتمل یوٹیوب ویڈیو جاری کی، جس میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے کوآرڈینیٹر کی تقرری سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔
مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مذکورہ گفتگو من گھڑت، بے بنیاد اور سنگین الزامات پر مشتمل تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق ابتدائی انکوائری میں یہ مؤقف سامنے آیا کہ بلال غوری نے مبینہ طور پر بغیر ٹھوس شواہد کے مواد تیار کیا اور اسے سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر پھیلایا، جس سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
این سی سی آئی اے نے بلال غوری کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ تاہم، ایف آئی آر میں عائد الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔
اس سے پہلے بلال غوری کی اہلیہ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے خبر دی تھی کہ انہیں رات دو بجے سے لاپتہ کر دیا گیا ہے۔