اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان کو سعودی عرب کے بعد چین اور کویت نے بھی مجموعی طور پر 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق چین سے 4 ارب ڈالر اور کویت سے 30 کروڑ ڈالر کا قرض رول اوور کرایا جائے گا۔ چین سے 4 ارب ڈالر کا قرض مارچ 2027 میں رول اوور ہونے کا امکان ہے، جبکہ تینوں ممالک سے تقریباً ایک سال کے لیے قرض کی مدت میں توسیع متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب، چین اور کویت سے مجموعی طور پر 7.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کرایا جائے گا۔ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو تقریباً 21 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرنا ہیں، جن میں یہ 7.3 ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔
پاکستان کو دسمبر میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بھی 1.21 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے، تاہم آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاس کی تاریخ تاحال حتمی نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایک روز قبل تصدیق کی تھی کہ سعودی عرب نے پاکستان کا 3 ارب ڈالر قرض رول اوور کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خزانہ کے ساتھ اس معاملے پر مثبت بات چیت ہوئی ہے اور فی الحال پاکستان کو مزید مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔
وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان کے پاس تین ماہ کی درآمدات کے لیے زرمبادلہ موجود ہے، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ بیرونی ادائیگیوں اور یورو بانڈز کی واپسی کے معاملات کو اس انداز میں سنبھالا جائے کہ مستقبل میں کسی حکومت کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
