سعودی عرب میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی، عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان

ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے جنوبی علاقوں خمیس مشیط اور احد رفیدہ میں بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے، جبکہ تین عمارتوں اور سات گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق زخمیوں میں ایک سعودی شہری اور ایک ایشیائی باشندہ شامل ہے۔ سول ڈیفنس کے ترجمان نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں روک کر تباہ کرنے کے بعد گرنے والے ملبے سے نمٹنے کے لیے کارروائی کی گئی۔

اس سے قبل یمن کی قانونی حکومت کی حمایت کرنے والی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کی جانب داغے گئے 10 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کیا گیا۔ ان کے مطابق ریاض کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل اور خمیس مشیط کی طرف آنے والا ایک کروز میزائل بھی مار گرایا گیا۔

ترکی المالکی کے مطابق ریاض کی جانب داغے گئے دو مسلح ڈرون بھی فضائی دفاع نے تباہ کیے، جبکہ سعودی حکام نے دارالحکومت میں فضائی خطرے سے متعلق انتباہ جاری کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق تازہ حملوں کے باوجود ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو جزوی طور پر دوبارہ کھولنے کے اقدامات کیے گئے اور محدود پروازیں بحال کی گئیں۔

Related posts

پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران 517 افغان شہری گرفتار، اقوام متحدہ کی رپورٹ جاری

پی ٹی آئی طالبان اور افغانستان کی حمایت کرنا چاہتی تھی، پرویز خٹک کا الزام

خیبر میں بگیاڑی پوسٹ پر ڈرون حملہ، ایف سی کا ایک جوان زخمی