ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں واقع شیبہ آئل فیلڈ میں سعودی آرامکو کی تنصیب پر ڈرون حملہ کیا گیا، جسے فضا میں تباہ کر دیا گیا۔ ڈرون کا ملبہ گرنے سے دو غیر ملکی شہری ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارتِ توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ ڈرون شیبہ آئل فیلڈ میں واقع تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ڈرون تباہ ہونے کے بعد اس کا ملبہ گرنے سے فیلڈ میں کام کرنے والے ایک ٹھیکیدار کی گاڑی میں آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق واقعے سے آئل فیلڈ کی آپریشنل سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک فلپائنی اور ایک نیپالی شہری شامل ہیں، جبکہ ایک پاکستانی اور ایک بھارتی شہری زخمی ہوئے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک سفارتی ذریعے نے بتایا کہ امریکا نے سعودی عرب میں اپنے سفارتی عملے اور ان کے اہل خانہ کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات، اردن، قطر اور بحرین میں تعینات امریکی سفارتی عملے کے اہل خانہ کو بھی روانگی کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ پیش رفت خطے میں سکیورٹی خدشات اور یمن کے حوثیوں کی جانب سے حملوں کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔