پشاور (پاک ٹوڈے): چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے دیر کالونی میں الخیر ایجوکیشن سسٹم کی چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ زبیر احمد کو کمیٹی کا چیئرمین جبکہ چیف انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) جمشید علی خان کو رکن مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی اسکول کی عمارت کی ساخت اور تعمیراتی معیار کا جائزہ لینے کے ساتھ حادثے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کرے گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی و انتظامی کارروائی کی سفارش کرے گی۔ کمیٹی کو سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا ضلعی سطح پر سروے اور تکنیکی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران چھتوں، دیواروں، بنیادوں اور ستونوں کا جائزہ لے کر عمارتوں کو محفوظ، مرمت طلب اور غیر محفوظ کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا۔
حکام نے غیر محفوظ عمارتوں کی فوری نشاندہی اور حفاظتی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے تمام اضلاع کو 26 اکتوبر تک سروے رپورٹس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ ہر سرکاری اسکول کے لیے سیفٹی کلیئرنس سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا، جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات تکنیکی معائنے کے لیے ٹیمیں نامزد کرے گا۔
