پشاور (پاک ٹوڈے): ضلع خیبر میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دوبارہ کوئی فوجی آپریشن نہیں ہونے دیں گے اور جب تک وہ وزیراعلیٰ ہیں، عوام مخالف ہر پالیسی کی مزاحمت کریں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات سیاسی نوعیت کے تھے، تاہم ایک مسلط ذہنیت صوبائی حکومت سے ایک اور فوجی آپریشن پر دستخط کرانا چاہتی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کبھی اس پالیسی کا حصہ نہیں بنیں گے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق تیراہ کے عوام کو شدید سردی میں بے گھر کیا گیا جبکہ فوجی آپریشنز سے قبل قبائلی علاقوں کے عوام خوشحال تھے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی خاندانوں کی آبادکاری کے لیے وفاق کی جانب سے فی گھرانہ 4 لاکھ روپے مختص کرنا ناقابل فہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے متاثرہ بے گھر افراد کے لیے 21 ارب روپے فراہم کیے ہیں، جبکہ انضمام کے بعد وفاق کے ذمے قبائلی اضلاع کے ہر سال 100 ارب روپے واجب الادا ہیں۔
سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ لانگ مارچ صوابی تک جائے گا، جہاں شرکا کو آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔