حیدرآباد کا نیاز اسٹیڈیم 20 سال کیلئے پی سی بی کے حوالے کرنے کا معاہدہ آج ہوگا

حیدرآباد (پاک ٹوڈے): حیدرآباد کے تاریخی نیاز اسٹیڈیم کو 20 سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیرانتظام دینے کا معاہدہ آج طے پائے گا، جس کی تقریب نیاز اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔

مجوزہ معاہدے کے مطابق اسٹیڈیم کا مکمل انتظامی کنٹرول پی سی بی کے پاس ہوگا جبکہ اس کی ملکیت حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے پاس ہی رہے گی۔ اسٹیڈیم کے تمام تجارتی حقوق، جن میں ٹکٹنگ، اسپانسرشپ، اشتہارات، نشریاتی حقوق اور پارکنگ شامل ہیں، پی سی بی کے پاس ہوں گے۔

معاہدے کی مالی شرائط کے تحت پی سی بی حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ماہانہ 10 ہزار روپے کرایہ ادا کرے گا، جو ہر سال کے آغاز پر یا اس سے قبل پیشگی ادا کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹکٹ والے کرکٹ میچز کی گیٹ رسیدوں سے حاصل ہونے والی پی سی بی کی آمدنی کے خالص منافع کا 20 فیصد میونسپل کارپوریشن کو دیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت پی سی بی نیاز اسٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرے گا، جس میں پچ اور آؤٹ فیلڈ، فلڈ لائٹس، ڈریسنگ رومز، تماشائیوں کے اسٹینڈز، ہاسپیٹیلیٹی باکسز اور پارکنگ کی بہتری شامل ہے۔ اسٹیڈیم کی دیکھ بھال اور انشورنس کی ذمہ داری بھی پی سی بی کی ہوگی۔

پی سی بی معاہدے کی مدت کے دوران اسٹیڈیم میں بین الاقوامی، فرسٹ کلاس اور پاکستان سپر لیگ کے میچز منعقد کرسکے گا جبکہ حیدرآباد میں اہم کرکٹ مقابلے لانے کے لیے بھی معقول کوششیں کرے گا۔ بورڈ کو اسٹیڈیم یا اس کے کسی حصے کو فرنچائز یا کسی تیسرے فریق کو ذیلی لائسنس پر دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

Related posts

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے سکواڈز کا اعلان کردیا

پاکستان میں ہوم کرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق پی ٹی وی نے 35 کروڑ روپے میں حاصل کر لیے

سری لنکا کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ پاکستان پہنچ گیا