حکومت کے خلاف بلوچستان میں احتجاجی تحریک، 19 نومبر کو صوبہ گیر ہڑتال کا اعلان

حمید سمسور | کوئٹہ، پاک ٹوڈے

بلوچستان میں 19 نومبر کو صوبہ گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تاجر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں نے ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس کے مطابق یہ ہڑتال حکومتی نظام کی ناکامی، بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور سنگین معاشی چیلنجز کے خلاف کی جا رہی ہے۔

ہڑتال کا فیصلہ کہاں اور کیسے ہوا؟

6 نومبر کو کوئٹہ پریس کلب میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں 19 نومبر کو صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا۔

بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں سیاسی جماعتوں، تاجروں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی گئی کہ وہ احتجاجی تحریک کی بھرپور حمایت کریں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک اور بلوچستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

حکومت پر کیا الزامات لگائے گئے؟

اجلاس کے شرکاء نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دونوں حکومتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے آئینی اور قانونی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں، جب کہ مختلف شعبوں میں حالات مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں۔

نیشنل پارٹی کے مطابق یہ احتجاج حکومت کے غیر جمہوری رویے اور آئین کی خلاف ورزی کے خلاف کیا جا رہا ہے۔

تاجر برادری بھی میدان میں آ گئی

مرکزی انجمن تاجران کے مرکزی عہدیدار یاسین مینگل نے بتایا کہ تاجر برادری اور کاروباری حضرات نے ہڑتال کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

نیشنل پارٹی کا کارکنوں کو متحرک ہونے کا حکم

نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شاہی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آل پارٹیز کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق صوبہ گیر ہڑتال اور احتجاج کی بھرپور حمایت کریں۔

انہوں نے پارٹی کے تمام ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک جماعتوں سے فوری رابطہ کریں اور ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کریں۔

انہوں نے عہدیداران کو عوامی آگاہی اور رابطہ مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔

میر کبیر احمد محمد شاہی نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ بلوچستان کے عوام کے اجتماعی خدشات اور مطالبات کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور عوام صوبے کے مشترکہ مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے جاری اجتماعی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔

بی این پی: تیاریاں مکمل ہیں

بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے پاک ٹوڈے کو بتایا کہ پارٹی کے تمام کارکنوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور ہڑتال کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

Related posts

پسنی کے ساحل پر نایاب سبز سمندری کچھوا مردہ حالت میں برآمد، ہلاکتوں میں اضافے پر تشویش

29 فوجی تنصیبات کو جلانا سیاسی حق کیسے ہوسکتا ہے؟ بلاول بھٹو سے ملک احمد خان کا سوال

پاکستان کا فتح 3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ