لاہور (پاک ٹوڈے): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کو انگلینڈ کا دورہ درمیان میں چھوڑ کر فوری وطن واپس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ان کی پنڈلی کی انجری پر شکوک و شبہات پیدا ہونے کے بعد معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں گی۔
امام الحق پر مبینہ طور پر ‘فیک انجری’ (جعلی زخم) کا بہانہ بنانے کا الزام ہے۔ لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز پنڈلی میں تکلیف کی شکایت کرنے کے بعد امام الحق نے پہلی اور دوسری دونوں اننگز میں بیٹنگ نہیں کی تھی، جس کے بعد ان کی انجری پر سوالات اٹھے۔
امام الحق کے معاملے پر 2025 کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران کی ایک سابقہ انکوائری رپورٹ بھی سامنے آئی ہے جس نے بورڈ حکام کو حیران کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کے دوران قومی بیٹر نے انگوٹھے میں شدید درد اور سیاہ نشان کی شکایت کی تھی، تاہم جب ٹیم ڈاکٹر نے مخصوص کیمیکل سے انگوٹھا صاف کیا تو وہ سیاہ نشان غائب ہو گیا۔ تفتیش پر معلوم ہوا کہ انگوٹھے پر سیاہی یا مارکر کے ذریعے نشان بنایا گیا تھا جو خون جمنے کا تاثر دیتا تھا، جبکہ امام الحق کیمروں اور اینالسٹ کی نگرانی میں لنگڑا کر چلتے اور نظروں سے اوجھل ہوتے ہی بالکل نارمل انداز میں چہل قدمی کرتے پائے گئے۔
پی سی بی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کی وطن واپسی پر معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔