پشاور (پاک ٹو ڈے): خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دعوٰی کیا ہے کہ کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر طاہر عرف معاویہ سمیت 4 مبینہ شدت پسندوں کو مارا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں نے شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کی ناکہ بندی کی تو روکے جانے پر مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے فوری حکمت عملی کے تحت جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں طاہر عرف معاویہ اپنے تین دیگر ساتھیوں سمیت موقع پر ہی مارا گیا۔
آپریشن مکمل ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود تحویل میں لے لیا، جس میں 3 ایس ایم جیز، پستول، ہینڈ گرینیڈز، میگزین، سو سے زائد کارتوس اور 2 موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق دیگر ہلاک شدت پسندوں کی حتمی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کو حصار میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فی الوقت کسی بھی کالعدم یا عسکریت پسند تنظیم کی جانب سے ان ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم سی ٹی ڈی کے بارے یہ تاثر عام ہے کہ وہ اس طرح کے جعلی مقابلے رچا کر اسے اپنی کامیابی سے تعبیر کرتے ہیں۔
