بنوں (پاک ٹوڈے): تھانہ میریان کی حدود میں پولیس پارٹی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے بعد سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ میریان معمول کے گشت پر تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔ پولیس پارٹی نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا۔
واقعے کے بعد موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا، جس کی زد میں آکر قریب موجود دو شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ اور دھماکے میں کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور تحقیقات جاری ہیں۔