حمید سمسور | کوئٹہ، پاک ٹوڈے
بلوچستان اسمبلی نے جمعے کے روز متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی، جس میں صوبے بھر کے تمام سرکاری پرائمری اسکولوں میں بنیادی عربی کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
قرارداد منظور تو ہو گئی، مگر اس کے ساتھ ہی ایک بڑا سوال بھی اٹھ کھڑا ہوا ہے: *کیا قرارداد منظور کرنے والوں کے بچے سرکاری اسکولوں میں پڑھتے ہیں؟*
حکومت بلوچستان کے اس اقدام پر ماہرین تعلیم کی آرا مختلف ہیں۔ تجزیہ کار اسے نصاب تعلیم سے وابستہ بچوں پر مزید بوجھ بڑھانے سے تعبیر کر رہے ہیں۔
بچوں پر پہلے ہی کتنی زبانوں کا بوجھ ہے؟
بچوں کی تعلیم کے شعبے سے وابستہ یونیسف کے سپورٹ پروگرام آفیسر نقیب اللہ خلجی نے بتایا کہ بچے بلوچستان کے پرائمری اسکولوں میں بین الاقوامی رابطے کے لیے انگریزی، قومی زبان اردو اور مادری زبانوں پشتو، بلوچی اور براہوی پہلے ہی پڑھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عربی ایک بین الاقوامی زبان ہے اور اس کی اپنی اہمیت ہے، لیکن بچے زيادہ زبانوں کے بوجھ تلے ذہنی صلاحیت کو متاثر کرے گا، کیونکہ بچوں کے دماغ کا بڑا حصہ زبان سیکھنے ہی میں خرچ ہو جاتا ہے۔
عربی تو مساجد میں پہلے ہی پڑھائی جاتی ہے
نجی تعلیم سے وابستہ اسرار پانیزئی نے قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عربی زبان ہمارے مذہب سے وابستہ ہے اور مساجد و مدارس میں پہلے ہی پڑھائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرائمری اسکولوں میں انگریزی، ریاضی، سائنس اور مادری زبانوں کے لیے ہی استاد نہیں ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ غیر حاضر ہیں، کئی اسکول بند پڑے ہیں اور ہنر سکھانے کے لیے کوئی استاد نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ساری دنیا بچوں کو ہنر سکھا رہی ہے، جب کہ ہم نصاب میں مزید مضامین کا اضافہ کر رہے ہیں۔
قرارداد میں کیا کہا گیا ہے؟
یہ قرارداد جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ رؤف نے پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی عربی کی تعلیم سے طلبہ کو قرآن کریم میں کثرت سے استعمال ہونے والے الفاظ اور ان کے معانی سمجھنے میں مدد ملے گی، جس سے وہ کم عمری ہی سے قرآن پاک کو بہتر طور پر سمجھنے کے قابل ہو سکیں گے۔
قرارداد میں ایک ایسے سادہ، معیاری اور درجہ بدرجہ نصاب کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، جس میں عربی کے بنیادی الفاظ، قواعد اور قرآن کریم میں عام استعمال ہونے والے الفاظ و تراکیب شامل ہوں۔ اس کے ساتھ تربیت یافتہ اساتذہ، معیاری نصابی کتب، تدریس کے مناسب مواد اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
قرارداد میں سفارش کی گئی ہے کہ صوبائی حکومت طلبہ کی عمر، ذہنی صلاحیتوں اور تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرحلہ وار پروگرام کے ذریعے اس اقدام کا آغاز کرے اور اس کے نفاذ کا باقاعدگی سے جائزہ بھی لیا جائے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے قرارداد پر کیوں اعتراض کیا؟
صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے قرارداد پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری پرائمری اسکولوں میں پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن اور اعلیٰ جماعتوں میں ترجمہ قرآن پہلے ہی سے لازمی ہے۔
ان کا موقف تھا کہ جب قرآن کی تعلیم پہلے سے نصاب کا حصہ ہے تو پرائمری سطح پر عربی کو الگ سے لازمی مضمون بنانے کی کیا ضرورت ہے؟
مادری زبانوں کا قانون کہاں گیا؟
بحث کے دوران رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مادری زبانوں میں تعلیم کو فروغ دینے کے لیے 2013 میں قانون سازی کی گئی تھی۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مجوزہ عربی زبان کے پروگرام کے ساتھ ساتھ اس قانون پر بھی عمل درآمد کرے۔
بحث کے بعد اسمبلی نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی، جس میں پورے بلوچستان کے سرکاری پرائمری اسکولوں میں بنیادی عربی کی تعلیم کو لازمی قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
سب سے بڑا نقصان سیاسی مداخلت نے پہنچایا
تعلیم کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں تعلیم کے شعبے کو سب سے زیادہ نقصان سیاسی مداخلت نے پہنچایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ارکان اسمبلی سمیت اساتذہ کے اپنے بچے نجی تعلیمی اداروں میں پڑھتے ہیں، اس لیے سرکاری اسکولوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
28 سے 30 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں
ماہرین کے مطابق صوبے میں اس وقت تقریباً 28 سے 30 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
اسکول جانے کی عمر کے بچوں کی مجموعی تعداد تقریباً 50 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ اس حساب سے بلوچستان کے تقریباً 45 سے 50 فیصد بچے تعلیم کے بنیادی حق سے محروم ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل مسئلہ نئے مضامین کا اضافہ نہیں، بلکہ بند اسکولوں کو کھولنا، غیر حاضر اساتذہ کی حاضری یقینی بنانا اور اسکول سے باہر بچوں کو اسکول لانا ہے۔