واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی بحریہ کے قائم مقام سیکریٹری ہَنگ کاؤ نے تصدیق کی ہے کہ طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن سے وابستہ 8 اہلکاروں نے طویل تعیناتی کے دوران خودکشی کی کوشش کی۔
ہَنگ کاؤ نے یہ انکشاف نیویارک کی سینیٹر کرسٹن گلیبرانڈ کے نام منگل کو لکھے گئے خط میں کیا۔ سینیٹر گلیبرانڈ نے طویل تعیناتی کے دوران جہاز کے عملے کی فلاح و بہبود اور ذہنی صحت سے متعلق صورتحال پر سوالات اٹھائے تھے۔
امریکی بحریہ کے قائم مقام سیکریٹری کے مطابق خودکشی کی کوشش کرنے والے 8 اہلکار صرف طیارہ بردار جہاز کے عملے سے تعلق نہیں رکھتے تھے، بلکہ ان میں فضائی ونگ، سٹرائیک گروپ، تباہ کن جنگی جہازوں اور دیگر معاون یونٹس سے وابستہ اہلکار بھی شامل تھے۔
انہوں نے بتایا کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تقریباً 5 ہزار اہلکار تعینات تھے، جبکہ عملے کی معاونت کے لیے جہاز پر 5 چیپلنز اور متعدد ذہنی صحت کے ماہرین بھی موجود تھے۔
یو ایس ایس ابراہم لنکن گزشتہ نومبر سے ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے تناظر میں مشرق وسطیٰ میں تعینات رہا اور اب وطن واپس آ رہا ہے۔ طویل عرصے تک جاری رہنے والی تعیناتی کے دوران اہلکاروں کو مسلسل آپریشنل دباؤ اور مشکل حالات کا سامنا رہا۔
اہلکاروں کے اہل خانہ اس سے قبل بھی طویل مشن، خراب حالات اور ذہنی دباؤ کے باعث عملے کی ذہنی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر چکے تھے۔
امریکی بحریہ نے ایک جانب عملے میں کسی بڑے ذہنی صحت کے بحران کی تردید کی ہے، تاہم حکام نے ذہنی صحت سے متعلق سہولیات کے بعض مسائل کو تسلیم کیا ہے۔ سینیٹر کرسٹن گلیبرانڈ نے صورتحال کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ذہنی صحت کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔