راولپنڈی (پاک ٹوڈے): چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
دورانِ دورہ آرمی چیف کو سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاری سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے فارمیشنز کو چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیارات برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے عزم پر قائم ہیں۔
پشاور کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کمانڈر پشاور کور نے کیا۔