کراچی (پاک ٹوڈے): نارتھ کراچی میں کینیڈا سے آئے بزرگ میاں بیوی کے قتل کے واقعے کو پانچ روز گزرنے کے باوجود پولیس کو تاحال کوئی قابلِ ذکر کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق دونوں میاں بیوی کو سروں پر وزنی چیز مار کر قتل کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق 14 اکتوبر کو سرسید تھانے کی حدود میں نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی ون کے ایک گھر سے 70 سالہ یامین اور ان کی 65 سالہ اہلیہ نفیس کی تشدد زدہ لاشیں ملی تھیں۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دونوں کے سروں پر متعدد چوٹوں کی نشاندہی ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مزید فوٹیجز حاصل کرلی ہیں، جبکہ قتل کے واقعے سے پانچ سے چھ روز قبل کی ریکارڈنگ کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کے گھر میں کام کرنے والے مزدوروں کو بھی تفتیش میں شامل کرلیا گیا ہے، جبکہ گھر کے اطراف روزگار کی تلاش میں آنے والے مزدوروں کے بیانات بھی قلم بند کیے گئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق گھر سے غائب ہونے والے موبائل فون کے حوالے سے بھی معلومات سامنے آئی ہیں۔ مقتول یامین نے کینیڈا سے واپسی کے بعد اپنا موبائل فون مرمت کے لیے دیا تھا، جبکہ میاں بیوی ایک ہی موبائل فون استعمال کرتے تھے، جو گھر سے مل گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مقتولین کے دونوں بیٹوں نے تفتیش کے دوران کسی رشتہ دار پر شک کا اظہار نہیں کیا۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم پانچ روز گزرنے کے باوجود قتل میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری سے متعلق کوئی قابلِ ذکر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
