اسلام آباد (پاک ٹوڈے): جاپان میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ای پاسپورٹ سروس کا آغاز 15 اکتوبر 2026 سے ہوگا، جس کے تحت درخواستیں پیشگی اپوائنٹمنٹ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔
کمیونٹی ویلفیئر اتاشی زہرا دستگیر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق درخواست گزاروں کو اپوائنٹمنٹ کے لیے مقررہ طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔ درخواست فارم مکمل کرکے appointmentmrp@gmail.com پر ارسال کرنا ہوگا، جبکہ فارم پاکستانی سفارت خانے کی ویب سائٹ کے ڈاؤن لوڈز سیکشن میں دستیاب ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ہر درخواست گزار کے لیے علیحدہ فارم جمع کرانا ضروری ہے۔ کم عمر بچوں کی درخواستیں والدین یا قانونی سرپرست ارسال کر سکتے ہیں۔ ای میل میں درخواست گزار کا مکمل نام درج کرنا بھی لازمی ہوگا۔
سفارت خانہ درخواست گزاروں کو ای میل کے ذریعے اپوائنٹمنٹ کی تاریخ، وقت اور ریفرنس نمبر سے آگاہ کرے گا۔ صرف فارم بھیجنے سے اپوائنٹمنٹ کی تصدیق نہیں ہوگی اور کسی دوسرے ذریعے سے اپوائنٹمنٹ جاری نہیں کی جائے گی۔
درخواست گزاروں کو مقررہ وقت پر تصدیقی ای میل اور مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ پہنچنا ہوگا۔ ذاتی ای میل نہ رکھنے والے افراد کسی دوسرے شخص کا ای میل ایڈریس بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
