پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے صوبائی پولیس کو 10 جدید بکتر بند گاڑیاں فراہم کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جدید SMTAC ضربِ حیدر (Zarb-e-Haider) بکتر بند گاڑیاں پشاور پہنچ گئی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس کی 10 نئی بکتر بند گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کی ہیں۔ یہ اقدام ضم شدہ اضلاع سمیت صوبے بھر میں پولیس کی سکیورٹی صلاحیت بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر وزیراعظم نے فوری طور پر بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان گاڑیوں کی فراہمی کا مقصد دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانا اور پولیس اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنانے میں مدد دینا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
