پشاور (پاک ٹوڈے): وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا سے چار پولیس افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبے میں چار نئے پولیس افسران تعینات کر دیے ہیں۔
جاری احکامات کے مطابق گریڈ 20 کے پولیس افسران ہمایوں مسعود، فصیح الدین اور عرفان طارق کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ گریڈ 18 کے عمران خان کو بھی اسلام آباد رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے پنجاب سے سعد آفریدی، بلوچستان سے اعتزاز عارف، اسلام آباد سے پری گل اور سندھ سے کاشف آفتاب عباسی کو خیبرپختونخوا میں تعینات کیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو صوبے کا نیا چیف سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
مزید انتظامی تبدیلیوں کے تحت وزیراعظم آفس میں تعینات محمد یحییٰ خانزادہ کی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ پنجاب میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر خواجہ سکندر ذیشان کو خیبرپختونخوا میں تعینات کیا گیا ہے، جبکہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ سے اورنگزیب بدانی کا بھی صوبے میں تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
