پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا پولیس نے احتجاجی مظاہروں اور ہنگامہ آرائی سے نمٹنے کے لیے تحریری آپریشنل ہدایات جاری کر دی ہیں، جن میں امن و امان خراب کرنے، توڑ پھوڑ اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق احتجاج کے دوران سرکاری عمارتوں، تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچانے، سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کرنے یا شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
جاری ہدایات میں پولیس اسٹیشنز، سرکاری عمارتوں، بینکوں، پیٹرول پمپس، تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ احتجاجی مظاہروں اور متعلقہ کارروائیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی تاکہ ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی میں مدد لی جا سکے۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرامن رہیں، قانون کی پاسداری کریں اور پُرتشدد سرگرمیوں یا غیر قانونی اجتماعات کا حصہ بننے سے گریز کریں۔ احتجاجی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
