کراچی (پاک ٹوڈے): صوبائی دارالحکومت کراچی میں امن و امان کی صورتحال مزید ابتر ہو گئی، جہاں عام شہریوں کے بعد اب سابق عوامی نمائندے بھی گاڑیوں کی چوری سے محفوظ نہیں رہے۔ کورنگی کراسنگ کے قریب سے سابق رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی کی کار چوری کر لی گئی۔
”پاک ٹوڈے” کو دستیاب معلومات کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تفتش کا آغاز کر دیا ہے۔ سابق ایم پی اے جمال صدیقی کے مطابق مذکورہ گاڑی ان کے بھائی ظہیر الدین کے استعمال میں تھی، جو کورنگی کراسنگ کے قریب واقع ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے تھے۔ ریسٹورنٹ سے واپسی پر پارکنگ میں گاڑی موجود نہیں تھی، جسے نامعلوم ملزمان چوری کر کے فرار ہو چکے تھے۔
سابق ایم پی اے کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ زمان ٹاؤن تھانے میں ان کے بھائی ظہیر الدین کی مدعیت میں درج کرا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب زمان ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
کراچی میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہریوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں سے شہر میں گشت اور سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
