کراچی (پاک ٹوڈے): کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ہیڈ آفس میں ناگہانی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا دفتر شدید متاثر ہوا ہے۔
ریسکیو اور کے ایم سی حکام کے مطابق آگ کی شروعات میئر کراچی کے دفتر سے متصل کچن سے ہوئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
فائر حکام کا کہنا ہے کہ دو فائر ٹینڈرز نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا ہے اور فی الوقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم دفتر میں موجود فرنیچر اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا ہے۔ حکام کی جانب سے آگ لگنے کی حتمی وجوہات کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
