اسلام آباد (پاک ٹوڈے): انٹرنیشنل فیڈریشن آف باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس (آئی ایف بی بی) کے زیر اہتمام سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ "مسٹر یونیورس 2026” چیمپئن شپ میں پاکستان کے باڈی بلڈر حمزہ راجہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینز فزیک کیٹیگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے اس بین الاقوامی مقابلے میں دنیا بھر کے 26 ممالک سے آئے نامور ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والے حمزہ راجہ نے تمام حریفوں کو پچھاڑتے ہوئے نہ صرف سونے کا تمغہ حاصل کیا بلکہ چیمپئن شپ کا مجموعی ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔
واپڈا کے ترجمان کے مطابق، اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ہی حمزہ راجہ نے باڈی بلڈنگ کی دنیا کا معتبر "آئی ایف بی بی پرو کارڈ” بھی حاصل کر لیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حمزہ راجہ بین الاقوامی سطح پر مجموعی ٹائٹل اور پرو کارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، جو ملک و قوم اور بالخصوص واپڈا کے لیے ایک بائثِ فخر اعزاز ہے۔
حمزہ راجہ کی اس تاریخی کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں اور مداحوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور اسے پاکستان میں باڈی بلڈنگ کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
