پشاور / کوئٹہ (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانائی بابا میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ قافلے پر شدت پسندوں کی جانب سے خونریز حملہ کیا گیا ہے، جس میں اب تک کی تصدیق شدہ اطلاعات کے مطابق 8 اہلکار جان سے گئے جبکہ 7 اہلکار لاپتا ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ حملہ تحصیل پشین کے علاقے خانائی بابا میں اس وقت پیش آیا جب فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس فورسز علاقے میں موجود تھیں۔ حملے کے فوراً بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری اور ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھی گئیں، جنہوں نے علاقے کو حصار میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے متعدد اہلکاروں کو نشانہ بنانے اور سیکیورٹی گاڑیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سرکاری حکام نے واقعے اور جانی نقصان کی تصدیق کر دی ہے، تاہم حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی حتمی تعداد اور لاپتا اہلکاروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
