مانسہرہ (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں سیرن وادی کی چار ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹی ‘موسیٰ کا مصلیٰ’ کی کوہ پیمائی کے دوران لاپتہ ہونے والے آئرلینڈ کے شہری الیگزینڈر مارک ہیرس کی لاش ایک گہری کھائی سے برآمد کر لی گئی ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی اور مانسہرہ پولیس کے مطابق، آئرش سیاح کی تلاش کے لیے گزشتہ چار دنوں سے جاری انتہائی مشکل اور خطرناک سرچ آپریشن بالاخر مکمل ہو گیا ہے۔ مانسہرہ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے سخت محنت اور پیش رفت کے بعد میت کو گہری کھائی سے نکال کر قریبی علاقے ‘جچھہ’ منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ میت کو پہاڑی سلسلے سے نیچے لانے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال مانسہرہ منتقل کیا جائے گا، جہاں تمام ضروری قانونی و طبی ضوابط اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو اسلام آباد منتقل کر کے آئریش سفارت خانے کے سپرد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ الیگزینڈر مارک ہیرس 29 اگست کو سیرن وادی میں واقع موسیٰ کا مصلیٰ پر ٹریکنگ کے بعد واپسی کے راستے میں اچانک لاپتہ ہو گئے تھے، جس کے بعد مقامی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 نے فوری طور پر مشترکہ تلاش شروع کر دی تھی، جو چار روز بعد اس دردناک انکشاف پر اختتام پذیر ہوئی۔
