حمید سمسور | پاک ٹودے
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے، جہاں پانچ سیاسی رہنماؤں کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محب اللہ نے پاک ٹوڈے کو ٹیلی فون پر بتایا کہ گزشتہ دو روز سے ان کے بھائی اور کوئٹہ کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے، جہاں کسی کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے بتایا کہ مولانا عبدالواسع کی رہائش گاہ پر مزید چار سیاسی رہنماؤں کو بھی نظر بند کیا گیا ہے۔
ایم پی او کے تحت 5 رہنما نظر بند
مولانا محب اللہ کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت گزشتہ شب مولانا عبدالواسع کی رہائش گاہ پر درج ذیل پانچ رہنماؤں کو نظر بند کیا:
* سینیٹر مولانا عبدالواسع، صوبائی امیر جمعیت علمائے اسلام (ف)
* میر یونس عزیز زہری، اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی
* اصغر علی ترین، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی
* فضل قادر مندوخیل، رکن بلوچستان اسمبلی
* سید ظفر آغا، رکن بلوچستان اسمبلی
سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذمت
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نام نہاد جمہوریت محض دکھاوا بن کر رہ گئی ہے، جبکہ عملی طور پر آمریت کا دور دورہ ہے۔ سیاسی قیادت کو گرفتار کرنا، سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کرنا اور جلسے جلوسوں کی اجازت نہ دینا جمہوری اقدار، بنیادی انسانی حقوق اور آئین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایسے غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے سیاسی آوازوں کو دبایا نہیں جا سکتا، بلکہ اس سے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ اور جمہوریت دشمنی مزید عیاں ہوتی ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں نیشنل پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے بھی جمعیت کے صوبائی امیر اور دیگر اسمبلی ارکان کو گھروں میں نظر بند کرنے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور جمہوریت شہریوں کو پُرامن احتجاج کا حق دیتے ہیں۔ اس حق کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا نہ صرف آئین کی روح کے منافی ہے بلکہ جمہوری اقدار کے لیے بھی نیک شگون نہیں۔
میر رحمت صالح بلوچ نے مزید کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو پابندِ سلاسل کرنے اور ان کی سیاسی و جمہوری سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
