اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتے ہوئے سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے 6 ہزار خصوصی اہلکار بھرتی کرنے اور سائبر پولیس اسٹیشنز کا نیٹ ورک ملک بھر میں وسعت دینے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت ان اہلکاروں کو ’سائبر اسپیس ڈیفنڈرز‘ کا نام دیا گیا ہے، جبکہ آئندہ 9 ماہ میں سائبر پولیس اسٹیشنز کی تعداد 16 سے بڑھا کر 150 کرنے کی تجویز ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ داخلہ اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی بریفنگ کے بعد ادارے کی تنظیمِ نو کے منصوبے کی منظوری دی۔ این سی سی آئی اے کو زیرِ التوا مقدمات کے بڑھتے ہوئے بوجھ، افرادی قوت کی کمی، پرانی ٹیکنالوجی اور فنڈز کی قلت جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
بریفنگ کے مطابق ملک بھر میں سائبر جرائم کے 3 لاکھ 24 ہزار 404 مقدمات زیرِ التوا ہیں، جبکہ موصول ہونے والی 80 فیصد شکایات پر ایف آئی آرز بھی درج نہیں ہو سکیں۔ اس وقت ملک کے 173 اضلاع اور 31 پولیس رینجز کے لیے صرف 16 سائبر پولیس اسٹیشنز کام کر رہے ہیں۔
مجوزہ منصوبے کے تحت بھرتی کیے جانے والے 6 ہزار اہلکاروں میں 3 ہزار 500 تفتیش کار، ایک ہزار اہلکار سوَیٹ اور ریڈ ٹیموں کے لیے، ایک ہزار آئی ٹی اور تکنیکی ماہرین جبکہ 500 ڈیٹیکٹوز اور سینئر ڈیٹیکٹوز شامل ہوں گے۔ تکنیکی ماہرین کو تین سالہ معاہدوں پر بھرتی کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں تین ماہ کے دوران موجودہ 16 سائبر پولیس اسٹیشنز کو مربوط کرکے مزید 34 نئے اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جس سے ان کی مجموعی تعداد 50 ہو جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں مزید 50 اسٹیشنز قائم کرکے تعداد 100 تک پہنچائی جائے گی، جبکہ آخری تین ماہ میں مزید 50 اسٹیشنز کے قیام سے یہ تعداد 150 ہو جائے گی۔
مجوزہ تقسیم کے مطابق پنجاب میں 46، خیبرپختونخوا میں 36، سندھ میں 31 اور بلوچستان میں 22 سائبر پولیس اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر 15 اسٹیشنز قائم کرنے کی تجویز ہے۔
وزیراعظم نے این سی سی آئی اے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین تعینات کرنے اور ادارے کی تنظیمِ نو میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس مقصد کے لیے اصلاحاتی تجاویز کا جائزہ لینے اور سفارشات مرتب کرنے کے لیے وفاقی وزراء پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔
