ایپوہ (پاک ٹوڈے): سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 2026 کے فائنل میں رسائی کی پاکستانی امیدیں دم توڑ گئیں، میزبان ملائیشیا کے خلاف آخری لیگ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ، پانچ گول سے برابر ہوگیا، جس کے نتیجے میں بہتر گول اوسط کی بنیاد پر ملائیشیا نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ایپوہ میں کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا نے تیسرے منٹ میں ابو کمال کے فیلڈ گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم پاکستان نے احمد ندیم کے 13ویں اور 15ویں منٹ میں کیے گئے دو گولز کے ذریعے مقابلے میں واپسی کرتے ہوئے برتری حاصل کرلی۔ ملائیشیا کے مرہان جلیل نے 20ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسکور برابر کردیا۔
دوسرے ہاف میں محمد عماد نے 32ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کو دوبارہ برتری دلائی، جبکہ حنان شاہد نے 48ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کی برتری چار، دو کردی۔ اس دوران ملائیشیا کو 34ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک بھی ملا، تاہم وہ اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔
آخری کوارٹر میں ملائیشیا نے بھرپور واپسی کی۔ فائزال ساری نے 50ویں منٹ میں پنالٹی کارنر اور 51ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے مقابلہ چار، چار سے برابر کردیا۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے 57ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے ٹیم کو پانچ، چار کی برتری دلائی، تاہم 58ویں منٹ میں ملائیشیا کو پنالٹی اسٹروک ملا، جس پر فائزال ساری نے گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مقابلہ برابر کردیا۔
اس نتیجے کے بعد پاکستان اور ملائیشیا کے پوائنٹس دس، دس ہوگئے، تاہم بہتر گول اوسط کے باعث ملائیشیا فائنل میں پہنچ گیا، جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ پاکستان تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں جنوبی کوریا کے خلاف میدان میں اترے گا، جبکہ کینیڈا اور امریکا پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے لیے مقابلہ کریں گے۔ تمام پوزیشن میچز ہفتے کے روز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان نے ایونٹ کے دوران جنوبی کوریا، کینیڈا اور امریکا کو شکست دی، جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے پانچ، دو سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ملائیشیا کے خلاف آخری لمحات میں برتری برقرار نہ رکھ پانا بھی پاکستان کی فائنل تک رسائی میں رکاوٹ بن گیا۔
