اسلام الدین ساجد| پاک ٹوڈے
پاکستان کی حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان حالیہ سیاسی کشیدگی کے بعد دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان رابطے منقطع ہوگئے ہیں۔ جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان 11 اکتوبر کے بعد کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
پاک ٹوڈے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسلم غوری نے کہا کہ وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان آخری ملاقات 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے چند گھنٹے قبل ہوئی تھی، جس کے بعد حکومت کی جانب سے جے یو آئی کے سربراہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
یہ واضح نہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کسی طاقتور حلقے کے دباؤ کے باعث مولانا فضل الرحمان سے رابطہ نہیں کر رہی یا اس کے پیچھے کوئی دوسری سیاسی وجہ ہے۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ دو، تین ہفتے قبل یہ کہہ چکے تھے کہ وہ وزیراعظم سے اجازت لے کر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کو منانے کے لیے ان کی رہائش گاہ جائیں گے، تاہم ابھی تک وہ وہاں نہیں گئے۔
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے قائدین بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ کی حیثیت سے سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں اہم کردار ادا کیا تھا، جس کے نتیجے میں شہباز شریف وزیراعظم بنے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حالیہ دنوں میں اپنی ایک تقریر کے دوران اس سیاسی عمل میں مولانا فضل الرحمان کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا ہی کی حمایت کے باعث پی ڈی ایم کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
تاہم، اس اعتراف کے باوجود سابق اتحادی جماعتوں کے درمیان سیاسی دوریاں پیدا ہوچکی ہیں اور دونوں قیادتوں کے درمیان رابطوں کا سلسلہ تاحال بحال نہیں ہوسکا۔
مولانا کے خلاف اقدامات سیاسی انتقام ہیں: جے یو آئی
اسلم غوری نے لاہور میں مولانا فضل الرحمان کو ان کی رہائش گاہ تک محدود رکھنے اور لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب میں شرکت سے روکنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت مولانا فضل الرحمان کو ان کے سیاسی مؤقف کی وجہ سے نشانہ بنا رہی ہے۔
جے یو آئی ترجمان نے اسلام آباد میں مولانا کی رہائش گاہ کے حوالے سے اٹھائے گئے سکیورٹی اور تعمیراتی اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مولانا گزشتہ تقریباً دس برس سے اس گھر میں رہ رہے ہیں اور حکومتی شخصیات ماضی میں متعدد مرتبہ وہاں آتی رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت مسلم لیگ (ن) کی اہم شخصیات بھی اسی گھر میں ملاقاتیں کرتی رہی ہیں، لیکن اس وقت کسی نے وہاں موجود سکیورٹی کیبن، جنریٹر یا دیگر تعمیرات پر اعتراض نہیں کیا۔
اسلم غوری نے دعویٰ کیا کہ گھر کے مالک امان اللہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سامنے بیان دیا ہے کہ انہوں نے اپنی رضامندی سے یہ گھر مولانا فضل الرحمان کو رہائش کے لیے دیا ہے اور اس کا کوئی کرایہ وصول نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے پشاور میں مفتی محمود مرکز کی تعمیر کے حوالے سے بھی سرکاری اراضی پر قبضے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی تعمیر کے لیے متعلقہ اداروں سے نقشے منظور کرائے گئے تھے اور یہ منصوبہ اپنی قانونی حدود کے اندر تعمیر کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اسلام آباد میں بہت سے گھروں کے سامنے سکیورٹی کیبن اور جنریٹر موجود ہیں، لیکن حکومت نے کسی کو نوٹس جاری نہیں کیا اور صرف مولانا کو نوٹسز بھیجے جا رہے ہیں، جو ان کے بقول سیاسی امتیاز اور انتقامی کارروائی کا ثبوت ہے۔
خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل پر تنازع
اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ سیاسی بیانات کو ان کے خلاف حکومتی اقدامات کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی کے سربراہ نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے پر طاقتور حلقوں کو براہ راست تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا مؤقف ہے کہ صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے اقدامات کا مقصد خیبر پختونخوا کے قیمتی معدنی وسائل پر کنٹرول حاصل کرنا اور انہیں بیرونی طاقتوں، بالخصوص امریکہ، کے حوالے کرنا ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل پختون قوم کے اثاثے ہیں اور ان کے مستقبل کا فیصلہ بھی وہاں کے عوام کو کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کسی کو بھی صوبے کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی بھی متعدد مرتبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے معدنی وسائل پر وفاقی کنٹرول کے حوالے سے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔
اچکزئی اور دیگر قوم پرست رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ دونوں صوبوں کے قدرتی وسائل سے متعلق فیصلوں میں مقامی آبادی اور صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے اور انہیں ان وسائل سے حاصل ہونے والے منافع میں مناسب حصہ ملنا چاہیے۔
ان رہنماؤں کا الزام ہے کہ وفاقی سطح پر ان وسائل کے استخراج اور استعمال کے دوران مقامی آبادی کے حقوق کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کے وزرا اور خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔ حکومتی مؤقف کے مطابق معدنی وسائل کو قانون کے تحت ترقیاتی منصوبوں، مقامی روزگار اور صوبے کی معاشی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے ذریعے معدنیات کی مقامی سطح پر پراسیسنگ، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور بین الاقوامی منڈیوں میں برآمدات کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
سیاسی کشیدگی اور سڑکوں پر احتجاج کا امکان
اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے سیاسی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، خواہ انہیں مزید سیاسی دباؤ یا حکومتی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی طاقتور حلقوں اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کے ممکنہ نتائج سے آگاہ ہے، تاہم پارٹی اپنے مؤقف پر قائم رہے گی۔
پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں جے یو آئی اور جماعت اسلامی کو ایسی مذہبی سیاسی جماعتوں کے طور پر دیکھا جاتا ہے جن کے پاس منظم کارکنوں اور عوامی اجتماعات کے ذریعے سڑکوں پر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
ماضی میں بھی دونوں جماعتیں مختلف حکومتوں کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا اہتمام کرتی رہی ہیں۔
گزشتہ ہفتے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے بھی طاقتور حلقوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اپنے اقدامات سے باز رہیں، بصورت دیگر جے یو آئی کے کارکن سڑکوں پر نکل سکتے ہیں۔
اسلم غوری نے اس انٹرویو میں بھی واضح کیا کہ ان کی جماعت دباؤ سے خوفزدہ نہیں اور اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
تاہم اب یہ دیکھنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لیے حکومت سیاسی رابطے بحال کرتی ہے یا مولانا فضل الرحمان اپنی احتجاجی سیاست کو مزید آگے بڑھاتے ہیں۔
