اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے نظام کو بہتر بنانا اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس مالی معاونت کے ذریعے پاکستان میں پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی تیاری میں مدد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ حکومت کو ایسے منصوبے تیار کرنے میں معاونت ملے گی جو سرمایہ کاری کے لیے موزوں ہوں اور جن کے ذریعے معیاری، سستے اور جدید انفرااسٹرکچر کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف جانچ پڑتال اور ان سے وابستہ مالیاتی خطرات کا مؤثر انتظام ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے شعبوں کو یکجا کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت وفاقی حکومت کی چار وزارتوں اور متعلقہ اداروں میں خصوصی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ 2026 سے 2030 تک کے لیے درمیانی مدت کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کی فہرست بھی منظور کی جائے گی۔
