کوالالمپور (پاک ٹوڈے): ملائیشیا نے میانمار سے تعلق رکھنے والے 6 ہزار 800 سے زائد تارکین وطن کو آئندہ ماہ دسمبر میں وطن واپس بھیجنے کا اعلان کردیا ہے، تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ میانمار میں جاری فوجی تنازع اور تشدد کے باعث واپس جانے والے افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ 6 اور 7 دسمبر کو تین بحری جہازوں کے ذریعے تقریباً 1500 میانماری شہریوں کو واپس بھیجا جائے گا، جبکہ مزید 5303 افراد کو فضائی راستے سے میانمار منتقل کیا جائے گا۔ فضائی سفر کے اخراجات میانمار کی حکومت برداشت کرے گی۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق میانمار میں فوجی تنازع، تشدد اور خصوصاً روہنگیا مسلمانوں کو درپیش خطرات کے باعث تارکین وطن کی واپسی ان کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
تنظیموں نے ملائیشین حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے افراد کو کسی صورت واپس نہ بھیجا جائے جہاں انہیں ظلم و تشدد یا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہو۔
دوسری جانب ملائیشیا کی حکومت کا مؤقف ہے کہ تارکین وطن کی وطن واپسی کا عمل رضاکارانہ ہے اور میانمار کی حکومت نے واپس آنے والے شہریوں کی حفاظت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
