صنعاء (پاک ٹوڈے): یمن میں سعودی عرب کی حمایت یافتہ حکومتی فورسز نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن کو ملانے والی اہم بحری گزرگاہ باب المندب کے قریب فوجی ٹھکانے خالی کرتے ہوئے پسپائی اختیار کرلی، جس کے بعد ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کا اس اہم بحری راستے پر اثر و رسوخ مزید بڑھ گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یمنی حکومتی فورسز نے صوبہ تعز کے مغرب میں واقع ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے ساحلی علاقے سے اپنے فوجی دستے واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔
اس پیش رفت کو حوثیوں کے خلاف سعودی حمایت یافتہ فوجی مہم کے لیے ایک اہم دھچکا قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ باب المندب عالمی تجارت اور بحری آمدورفت کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
یمن کی جنوبی مسلح افواج کے مطابق فوجی دستوں کی واپسی کا فیصلہ عارضی دارالحکومت عدن اور اس کے پڑوسی صوبوں کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ خطرات سے نمٹنے، کمزور محاذوں کو مستحکم کرنے اور اہم علاقوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فوجی دستوں کو دوبارہ تعینات کیا جا رہا ہے۔
