راولاکوٹ (پاک ٹوڈے): آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کے شہر راولاکوٹ میں سیکیورٹی فورسز نے عمر فاروق چوک اور بس ٹرمینل پر دھرنے میں شریک مظاہرین کے خلاف کارروائی کی، جس کے نتیجے میں اطلاعات کے مطابق 3 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق عمر فاروق چوک پر مظاہرین کے خلاف کارروائی کے دوران ڈرون حملوں اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت احتشام چمبناڑ، عاطف نور چمبناڑ اور عادل رشید منگ مور کے ناموں سے ہوئی ہے۔
زخمی ہونے والوں میں قمر کفیل، عثمان، وقار شکیل، انس امین، سیام امجد، اعجاز خان، وقاص ریاض، بلال محمود، احسن طارق، سفیان، عبداللہ، احتشام محمد افراز، بلال، کامران رشید، یریرا، وسیم صادق، عرفان اور زین خورشید شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق زخمیوں کا تعلق ترار حسین کوٹ، بنجوسہ، جندالی، ہجیرہ، کھیگالہ، چروٹی ڈریک، ریڑھ بان، نمونوٹہ، چھوٹا گلہ، دھمنی، میرپور، چک برمنگ، ترار، شمشاد آباد اور دیوی گلی سمیت مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب راولاکوٹ کے بس ٹرمینل پر دھرنے میں شریک مظاہرین کے خلاف بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ کشمیر میں ایک عرصے سے حالات انتہائی کشیدہ ہے، کشمیری اپنے حقوق کے لیے احتجاج کر رہے ہیں جبکہ ریاستی ادارے انہیں بیرونی ایجنڈے پر چلنے والے عناصر قرار دیتے ہیں۔
