لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور میں 3 سالہ بچی کے جنسی استحصال کے الزام میں پولیس نے گھر آنے والے قریبی رشتے دار کو گرفتار کرلیا۔ نواں کوٹ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے ملزم حسن کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں درج بیان کے مطابق ملزم والدین کی عدم موجودگی میں گھر میں داخل ہوا، جہاں بچی اپنی دو بہن بھائیوں کے ساتھ موجود تھی۔ اس دوران ملزم نے موقع پا کر سب سے چھوٹی بچی کو ہراساں کیا اور اس کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کیں۔
بچی خوف و ہراس کے باعث ابتدا میں خاموش رہی، تاہم بعد میں اس نے اپنے والدین کو اپنی زبان میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا۔ متاثرہ بچی کے والد کی درخواست پر پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ بچوں کی حفاظت والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے اور بچوں کے رویوں میں غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو تنہا نہ چھوڑیں اور مجبوری کی صورت میں انہیں صرف قابل اعتماد افراد کی نگرانی میں دیں۔
